پاکستان تخریب کاری کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، صرف اعلان باقی ہے، نگران وزیر اعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیر اعظم نوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملہ کرنے والے شدت پسندجنگ ہارچکے ہیں، ریاست جنگ جیت چکی، تخریب کاروں کی شکست کا صرف اعلان باقی ہے۔ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور گورنر خیبر پختونخوا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ میں جنہیں حوصلہ دینے گیا تھا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملہ کرنے والے تخریب کار جنگ ہارچکے ہیں، شدت پسند ایک حملہ کریں گے ہم دس قدم آگے بڑھیں گے، وہ 10 حملے کریں گے ہم 100 قدم آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، پاکستان تخریب کاری کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، ریاست جنگ جیت چکی، تخریب کاروں کی شکست کا صرف اعلان باقی ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں اور جنت میں بھی راحت میں ہوں گے، علمائے حق ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں کبھی خوف زدہ نہیں کرسکتے، وہ کوئی بھی حربہ استعمال کرلیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے جبکہ ہم جیتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں چاہے وہ یہاں ہوں یا آخرت میں۔واضح رہے کہ منگل کی علی الصبح ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں فوج کے زیر استعمال کمپاؤنڈ پر تحریک جہاد پاکستان (ٹی جے پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے حملے میں فوج کے 23 اہکار جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ 6 عسکریت پسندوں کے گروپ نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔فائرنگ کے بعد دھماکے بھی کیے گئے اور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو گیٹ سے ٹکرا دیا اور بعد ازاں خودکش دھماکا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں