پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے میں بلوچستان حکومت رکاوٹ ڈال رہی ہے، سردار حسن شاہ
کوئٹہ (این این آئی) تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار حسن شاہ نے کہا ہے کہ آئین اور الیکشن قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو آزادنہ طور سیاسی سرگرمیاں اور مہم چلانے کا حق حاصل ہے مگر بلوچستان میں انتظامیہ پی ٹی آئی کو اس حق سے محروم کر رہی ہے،عوام ووٹ کے ذریعے نظام بدلیں 8فروری کو پاکستان ایک بار پھر حقیقی آزادی ، ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ چےئر مین پی ٹی آئی کی سونامی کی لہریں بلوچستان پہنچ گئی ہیں پارٹی نے تمام روایتی سیاستدانوں اور الیکٹ ایبلز کے بت کو توڑ دیا ہے اور عوام بھر پور انداز میں پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ اور جنرل سیکرٹری سالا خان کی قیادت میں صوبائی کابینہ بہترین انداز میں پارٹی کو آگے لیکر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرنائی، پشین اور ڑوب میں پارٹی کے ورکرکنونشن روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انتظامیہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئین اور قانون پر عملدآمد کویقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم 8فروری کو اپنے گھر وں سے نکلے اور ملک کو پسماندگی میں دھکیلے والوں کے خلاف ووٹ ڈال کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔


