سال 2023 میں اب تک 65 لاکھ پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری

کراچی(صباح نیوز)ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے کہا ہے کہ سال 2023 میں اب تک 65 لاکھ پاسپورٹ جاری کئے گئے، 2027 سے پاکستان میں ای پاسپورٹ کا اجرا لازمی ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ کراچی پاسپورٹ آفس کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس نے کہا ہے کہ حالیہ رائج مشین ریڈایبل پاسپورٹ کو ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے جس کے لیے نیا سسٹم آئندہ 6 سے 7 ماہ میں انسٹال کردیا جائے گا جبکہ 2027 میں ای پاسپورٹ لازمی ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اعلی سطح کی ٹاسک فورس افغانیوں کو جاری کئے گئے 12 ہزار پاکستانی پاسپورٹ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ حل کرلیا گیا۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے درکار لیمینیشن پیپر کی وافر مقدار حاصل کرلی گئی جس کے بعد پاسپورٹ کا اجرا معمول پر آگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں