میٹروپولیٹن کارپوریشن محدود فنڈ میں بھی شہر کی خوبصورتی کیلئے کوشاں ہے، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(یو این اے )کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن محدود وسائل کے اندر ہتے ہوئے کوئٹہ شہرکی صفائی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کر رہا ہے،میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نئی گاڑیوں اور فنڈزکی فراہمی کیلئے حکومت سے بات کریں گے تاکہ شہرمیں صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایوب اسٹیڈیم میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیراستعمال ہیوی وہیکل،سکرمشین،کچرہ اٹھانے والی گاڑیوں کے معائنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعاد بن اسد اورایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ،چیف سینی ٹیشن آفیسرانورلہڑی،سپرنٹنڈنٹ انجینئر اشفاق بادینی،سرورزہری اوردیگرافسران بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر جبار بلوچ نے کمشنر اورڈپٹی کمشنر کو شہرمیں صفائی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں اوردیگرمشینری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کے افسران اور ملازمین کوئٹہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس150کے قریب گاڑیاں ہیں ان میں آکثر گاڑیاں ایسی ہیں جو1970سے چل رہی ہیں جو ناقابل استعمال ہوچکی ہیں اور گاڑیاں فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مرمت بھی نہیں کرائی جاسکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے حکومت سے ایک ڈویلپمنٹ پیکج منظور کروائیں تاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں کی مرمت اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ حل ہوسکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کم تنخواہوں کے باوجود اپنے فرائض صحیح طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں جس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہرکی آبادی اسوقت 25لاکھ سے زیادہ ہے آبادی کے لحاظ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس صفائی کاعملہ بہت کم ہے کوشش کریں گے صفائی کے عملے کو بڑھایا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو فنڈز کی فراہمی کیلئے وزیراعلی بلوچستان اور محکمہ فنانس سے بات کریں گے تاکہ فنڈز کے مسئلے کو حل کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں