جعلی بھرتیوں اور کروڑوں روپے رشوت وصولی، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کا ملازم گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈی جی اینٹی کرپشن بلوچستان نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی شکایت پر انکوائری ٹیم زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر انوسیٹی گیشن کامران بشیر اور ڈپٹی ڈائریرٹر انوسٹی گیشن شیخ منیر تشکیل دیکر عبداللہ جان اسسٹنٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کیخلاف انکوائری عمل میں لائی جو کہ رشوت ستانی اور جعلی بھرتی آرڈر میں ملوث تھا۔ دوران انکوائری معلوم ہوا کہ عبداللہ جان نے گوالمنڈی چوک کے قریب ایک بلڈنگ میں جعلی آفس قائم کیا ہوا تھا جہاں پر جعلی ایچ آر فارم اسٹینڈنس رجسٹرڈ، سروس بک اور جعلی اپوائنمنٹ آرڈر مرتب کرنے کا عمل جاری تھا۔ دوران انکوائری ریکارڈ اور بیانات سے معلوم ہوا کہ عبداللہ جان نے بہت سے لوگوں سے نوکری کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے وصول کیے اور لوگوں کو جعلی آرڈر تقسیم کیے۔ علاوہ ازیں عبداللہ جان نے جعلی سرکاری کارڈ مرتب کرکے لوگوں میں تقسیم کرتا رہا ہے۔ الزامات ثابت ہونے پر عبداللہ جان کیخلاف مقدمہ اینٹی کرپشن بلوچستان کوئٹہ سرکل میں درج ہوچکا ہے جس کو گرفتار کرکے تفتیش عمل میں لائی گئی۔ دوران تفتیش ملزم عبداللہ جان نے انکشافات کیے ہیں، دیگر ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرکے گرفتاری جلد عمل میں لائی جائیگی۔


