بیوروکریسی کی ذہنیت سمجھتا ہوں، اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میں اسلام آباد میں بیٹھی بیوروکریسی کی ذہنیت سمجھتا ہوں، ہم اقتدار میں آکر اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے۔ اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ملک جس معاشی بحران سے گزر رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، ہم اقتدار میں آکر اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے اور یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔’نفرت اور تقسیم کی سیاست سے جمہوری اور حکومتی نظام متاثر ہوا، چیلنجز بہت زیادہ ہیں مگر ہم ان سے نمٹ لیں گے‘۔ چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنے منشور میں عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے جس پر عملدرآمد سے ہی مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی منشور کو میں نے خود چند ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر تیار کیا، مہنگائی، غربت، بیروزگاری، موسمیاتی تبدیلی اہم ایشوز ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ معاشی بحران اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان خطرے میں ہے، موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے خطرات سے لوگوں کو آگاہی دینا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں نچلے طبقے کو سہولیتں دینا ہوں گی تاکہ ترقی نچلی سطح سے شروع ہو۔ وفاق کے پاس 17 وزارتیں ایسی ہیں جو ختم ہو نی چاہیے تھیں کیونکہ ان کو چلانے کے لیے حکومت کے پاس پیسا نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم زراعت، مواصلات اور توانائی کے شعبوں پر سرمایہ کاری کریں تو معاشی استحکام لا سکتے ہیں۔ وفاقی حکومت میں 18ماہ گزارے جانتا ہوں اسلام آباد کی بیوروکریسی کی کیا ذہنیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کی بیوروکریسی نہ خود کچھ کرنا چاہتی ہے نہ کسی کو کچھ کرنے دینا چاہتی ہے۔ مضبوط لابیاں ہیں جو مسائل کا باعث بنتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں