اڈیالہ جیل کو تین دنوں میں بم سے اڑانے کی دھمکی، جیل حکام نے اداروں کو آگاہ کردیا

راولپنڈی (انتخاب نیوز) اڈیالہ جیل انتظامیہ کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے جس میں جیل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی جیل نے دھمکی آمیز کال آنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا، جیل پولیس کی جانب سے راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی جیل نے سی پی او راولپنڈی کو اپنے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے خط لکھ دیا۔ لیٹر میں کہا گیا کہ جیل انتظامیہ کو گزشتہ روز افغانستان کے ایک نمبر سے کال موصول ہوئی ، کالر نے فون پر اڈیالہ جیل کو تین دنوں میں اڑانے کی دھمکی دی۔ کالر نے دھمکی دی کہ پانچ حملہ آور مچھ جیل پر بھی حملہ کرچکے ہیں۔ ڈی آئی جی جیل نے استدعا کی کہ اڈیالہ جیل انتہائی حساس ہیں اور یہاں اہم سیاسی شخصیات ہیں ،سیکورٹی بڑھائی جائے۔ لیٹر میں مزید کہا گیا کہ اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر ایلیٹ فورس کی جانب سے گشت بھی بڑھائی جائے، اڈیالہ جیل کے گردو نواح میں سرچ آپریشن بھی کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں