راولپنڈی: بیوی کو ‘قتل’ کرنے کے جرم میں نجی ٹی وی چینل کا صحافی گرفتار

راولپنڈی کی یوسف کالونی میں مبینہ طور پر بیوی کو قتل کرنے والے نجی ٹی وی چینل کے صحافی اور ایکٹوسٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔

مقتولہ کی بہن نے 29 جون کو رونما ہونے والے واقعے کی ایف آئی آر ایئرپورٹ تھانے میں درج کرائی۔
اپنی شکایت میں انہوں نے کہا کہ ملزم علی سلمان علوی نے انہیں ان کی بہن کے فون سے دوپہر دو بجے کال کر کے کہا کہ وہ تباہ و برباد ہو گیا اور متاثرہ خاتون صدف زہرہ نے پھانسی پر لٹکنے سے قبل خود کو کچھ کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ انہیں علی سلمان علوی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر اور والد کے ہمراہ فوراً ان کے گھر پہنچیں جہاں انہیں ملزم گھر کے مرکزی دروازے پر کھرا ہوا ملا جبکہ گھر کے بقیہ دروازے اندر سے بند تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ملزم انہیں اپنے کمرے تک لے گیا جہاں انہیں صدف زہرہ کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی جہاں خاتون کی گردن کے گرد بستر کی چادر بندھی ہوئی تھی جبکہ قریب ہی ایک سیڑھی بھی موجود تھی۔

مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ کئی مرتبہ وارننگ دیے جانے کے باوجود ملزم ان کی بہن کو اکثر مارتا پیٹتا تھا اور پولیس سے اس معاملے کی تفتیش کی درخواست کی گئی۔

ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او جواد شاہ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس دن واقعہ ہوا، اسی دن ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور ان پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت قتل عمد کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقتولہ کی ایٹاپسی رپورٹ کے منتظر ہیں جس کے بعد ہی یہ فیصلہ ہو سکے گا کہ وہ گھریلو تشدد کا شکار ہوئیں یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں