نومنتخب ایم این اے ملک شاہ گوریج بلوچستان کے شہری ہیں، بلا جواز پروپیگنڈا نہ کیا جائے، پیپلز پارٹی

گوادر (نامہ نگار) سربندن سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور گورگیج قبیلے کے اہم شخصیت میر اکبر گورگیج نے گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 2024 میں ملک بھر میں عوام نے اپنا حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا۔ جس کی مثال گوادر میں موجود ہے۔ ضلع گوادر کے عوام نے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا۔ گوادر میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر عوام نے حق دو تحریک بلوچستان کے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور قومی اسمبلی کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی ملک شاہ گورگیج کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا ہے۔ ان امیدواروں کی کامیابیوں کے اعلان کے بعد سے ہمارے امیدوار کے خلاف بلا جواز احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جو کہ عوامی مینڈیٹ کے برخلاف ہے۔ اپنے احتجاج میں قومی اسمبلی کے نومنتخب ایم این اے کے خلاف غیر سیاسی الفاظ کا استعمال ہر طور قبول نہیں۔ نومنتخب ایم این اے حاجی ملک شاہ گورگیج پاکستان اور بلوچستان کے شہری ہیں۔ آئین پاکستان نے ہر شہری کو یہ حق دیا ہیکہ جہاں سے انتخابات میں حصہ لینا چاہے لے سکتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں ہر بار انتخابات کو متنازعہ بنایا جاتا ہے۔ لیکن اس بار نومنتخب ایم این اے کے خلاف غیر مقامی کو جواز بنا کر احتجاج کرنا غیر دانشمندانہ اور بچکانہ عمل ہے۔ اس احتجاج سے لسانیت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ جس کے نتائج بھیانک ہونگے۔ جس کی ہم ہرگز اجازت نہیں دینگے۔ مخالفین کے ایسے الزامات سے گوادر میں موجود سینکڑوں گورگیج قبیلہ کے افراد کی دل آزادی ہوئی ہے۔ اگر ایسے الزامات لگانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پورا گورگیج قبیلہ سڑکوں پر نکل آئے گا اور پورے نظام کو جام کر دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں