کوئٹہ مضرصحت گوشت فروخت کرنے پر پانچ دکانیں سیل

کوئٹہ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی فروخت کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے اسپنی روڈ اور سریاب روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ میٹ شاپس سیل کردیں جبکہ ان پر جرمانیبھی عائد کیے گئے۔واضح رہے کہ مذکورہ دکانوں میں فروخت کیے جانے والے گوشت کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے،رپورٹ کے مطابق گوشت میں مختلف و مضر صحت جراثیم پائے گئیجبکہ مذکورہ میٹ شاپس میں صفائی کے انتظامات و میٹ اسٹوریج کا نظام بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق نہیں تھا جس کی بناء پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ نامناسب و حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف ماحول میں گوشت کی فروخت سے لوگ متعدد بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، گوشت کے اسٹوریج و فروخت کے تمام مراحل سے متعلق بی ایف اے کے وضع کردہ خصوصی ایس او پیز موجود ہیں جن کی کاپیاں میٹ شاپس مالکان میں تقسیم کرکے اس حوالے سے انہیں ہدایات و آگہی بھی دی جاتی ہے۔مذکورہ میٹ شاپس کے خلاف کاروائی بی ایف اے کے ہدایت ناموں پرعمل درآمد نہ کرنے اور عوام کو محفوظ گوشت کی فراہمی یقینی نہ بنانے پر کی گئی،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں قائم متعدد میٹ شاپس فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ اسٹینڈرڈز کے مطابق عوام کو گوشت فروخت کر رہے ہیں جو نہایت خوش آئند ہے، شہر میں موجود تمام گوشت فروخت کرنے والے مراکز کو بی ایف اے کے اسٹینڈرڈز کے مطابق ڈھالنے کے لئے اتھارٹی کی چیکنگ اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ لوگوں کو قابل خوراک و صحت افزا گوشت میسر آسکے۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نگہت دین کی سربراہی میں میزان چوک میں قائم گوشت مارکیٹ کا معائنہ کیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد دکانوں سے گوشت کے نمونے حاصل کر کے لیباٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجوا دیے جبکہ مالکان کو اپنی دکانوں میں صفائی کے انتظامات بہتر کرنے اور صاف گوشت کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں