مہنگائی کی شرح میں اضافہ ،23اشیائے خردونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(این این آئی) ملک میں فروری کے تین ہفتے مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان کے بعد گزشتہ ہفتے پھر مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 30.68 فیصد کی سطع پر آگئی ہے تاہم ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا۔ اس طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 35.39 فی صد رہی۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، چینی، دالیں اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں جن میں ٹماٹر کی قیمتوں میں 22.71فیصد، ڈیزل کی قیمتوں میں3.02فیصد، پیٹرول کی قیمتوں میں ایک فیصد، چکن کی قیمتوں میں 1.22 فیصد، چینی اور دال مونگ کی قیمتوں میں 0.54فیصد، بیف کی قیمتوں میں 0.74 فیصد، مٹن کی قیمتوں میں 0.86 فیصد اور دہی کی قیمتوں میں 0.71 فیصد جبکہ آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 0.20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انڈے کی قیمتوں میں 11.19 فیصد، آلو قیمتوں میں 0.23فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 14.42 فیصد، ککنگ آئل کی قیمتوں میں 0.75 فیصد، آٹے کی قیمتوں میں 0.36 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 1.82 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.11 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.33 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں