کراچی میں فضائی ٹیکسی سروس شروع، بلوچستان اور سندھ کے ایئر پورٹس کیلئے دستیاب

کراچی(این این آئی)کراچی میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگیاہے، ابتدائی طور پر یہ سروس سندھ اور بلوچستان کے ایئرپورٹس کے لیے دستیاب ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سیر و تفریح یا ہنگامی صورتحال میں سفر کے خواہشمند افراد اب فی گھنٹہ کرایہ پر ہوائی جہاز بک کر کے کہیں کا بھی سفر کر سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر نجی فضائی کمپنی کے تحت کراچی سے اندورون سندھ اور بلوچستان کے تمام ایئرپورٹس کے لیے 4 ایئر ٹیکسیاں دستیاب ہیں۔ ایئر ٹیکسی پر سفر کے لیے تعارفی کرایہ 95 ہزار روپے فی گھنٹہ مختص کیا گیا ہے، بعد میں یہ سروس پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام ایئرپورٹس کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس کراچی میں ایک نجی کمپنی اسکائی ونگز نے ملک کی پہلی ایئر ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او)عمران اسلم نے ایک غیر ملکی سرمایہ کار کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اس پیش رفت کی تصدیق کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں