ن لیگ کے عبدالخالق اچکزئی اسپیکر، پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی بلا مقابلہ منتخب

کوئٹہ (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق اچکزئی بلا مقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی جبکہ پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئی ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر حلف اٹھائیں گے، دونوں رہنما بلوچستان اسمبلی کے سولہویں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ نومنتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، کوشش ہوگی کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں، تمام اراکین قابل قدر ہیں، کوشش ہوگی کے ایوان کو منصفانہ طور پر لے کر چلیں۔ یاد رہے کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلزپارٹی سے غزالہ گولہ نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے تاہم مقررہ وقت (12 بجے) تک دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی فارم جمع نہیں کروایا جس کے بعد دونوں رہنما بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں