فورسز کے اعلیٰ افسران کا سول اسپتال ژوب کا دورہ اداروں میں مداخلت کے مترادف ہے، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ (آن لائن)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں گزشتہ روز ایف سی کمانڈنٹ کا ژوب کے سول ہسپتال دورے کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور اسے سیکورٹی اداروں کی طرف سے سول اداروں میں کھلم کھلا مداخلت قرار دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ آئین و قانون ایف سی کمانڈنٹ کو شاہانہ انداز میں سول اداروں کے دورے کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی سول ایڈمنسٹریشن میں وہ کوئی مداخلت کر سکتا ہے اس طرح وہ اپنے حلف کی خلاف ورزی کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ملکی آئینی و قانون کے مطابق سول اداروں کے ساتھ سیکورٹی اداروں کا کوئی کام نہیں ہوتا کیونکہ سول اداروں کی اپنی ایڈمنسٹریشن ہوتی ہے اور انکے مسائل اپنے ایڈمنسٹریشن کے ذریعے حل ہونے کا طریقہ کار موجود ہے ۔سیکورٹی فورسز کے اعلی افسر جانب سے سول ہسپتال کا دورہ کرنا اصل میں سول اداروں میں مداخلت اور قبضے کیلئے راہ ہموار کرنا ہے جسے کسی طور پر بھی قبول اور برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بیان میں ڈپٹی کمشنر ژوب کا کمانڈنٹ ایف سی کے ساتھ سول ہسپتال دورے کو ناقابل قبول قرار دیکر ڈی سی کے طرز عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اسے دانستہ طور پر سول اداروں میں سیکورٹی فورسز کی مداخلت کیلئے راہ ہموار کر نے کی کوشش قرار دیا ہے ۔ بیان میں ڈپٹی کمشنر ژوب کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ سول اداروں کی وزٹ کرنے سے اجتناب کریں اور خود میں سول اداروں کو درپیش مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کریں اور اپنا فرض منصبی آئین اور قانون کے مطابق نبھائیں اگر ڈپٹی کمشنر ژوب سیکورٹی فورسز کو سول اداروں کے دوروں سے نہیں روکتی تو پشتونخوا نیپ ڈپٹی کمشنر ژوب اور کمانڈنٹ ایف سی کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں