ایشوریا رائے اور جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

بھارتی فلم اسٹار ایشوریا رائے بچن اور اُن کی ساس یعنی امیتابھ بچن کی اہلیہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
گزشتہ روزیہ خبر سامنے آئی تھی کہ بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد اُن دونوں کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے کورونا ٹیسٹ کے بعد اُن کے اہل خانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹس کل رات آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے میئر کشور پیڈنیکر نے میڈیا کو بتایا کہ ایشوریا رائے بچن اور جیا بچن کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
میئر ممبئی نے بتایا کہ دونوں اداکاراؤں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود بھی دونوں کو گھر ہی میں 14 دن کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے اور قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد ایشوریا رائے بچن اور جیا بچن کا ایک بار پھر سے کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
بھارتی اداکار امیتابھ اور ابھیشک بچن بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئےاُنہوں نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو سیل کردیا گیا ہے اور اس دوران کسی کو گھر سے باہر اور اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف اشیائے ضرورت فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیاتھا ، اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اُن کا اور اُن کے والد امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں اور دیگر افراد سے درخواست کی کہ وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 دن کے دوران ان کے قریب رہے، وہ تمام افراد بھی اپنے ٹیسٹ کرالیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں