سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ،وزیر اعلیٰ بلوچستان، صدر اور وزیر اعظم کی مذمت

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت ہے، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ جوانمردی سے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے، شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا، پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں مشتبہ افراد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں