پنجاب اسمبلی ، دوسرے روز بھی ہنگا مہ ، احمد خان بھچر اپوزیشن لیڈر مقرر
لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کا تقرر کر دیا گیا ۔احمد خان بھچر کی بطور اپوزیشن لیڈر جبکہ معین ریاض قریشی کی ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے طور پر تقرری کر دی گئی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بجٹ پر عام بحث کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ،ایک دوسرے کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے مخالفانہ نعرے بازی اور شور شرابا کیا ،اپوزیشن نے تاخیر سے اجلاس شروع کرنے پر بھی احتجاج کیا ،نکتہ اعتراض پر بات کر نے کی اجازت نہ ملنے پر حکومتی رکن ملک وحید ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرکے باہر چلے گئے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹے پانچ منٹ کی تاخیر سے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں دوسرے روز بھی بجٹ2023-24پربحث جاری رہی۔اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن کے رکن رانا افتاب احمد نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اجلاس تاخیر سے شروع کرنے پر احتجاج کیا ۔جس پر اسپیکر نے کہا کہ آج کااجلاس تاخیر سے شروع ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا،اسمبلی کا اجلاس وقت پر شروع ہونا چاہیے ،ممبران کاتاخیر سے آنا اچھی بات نہیں۔


