گوگل کا بھارت میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

گوگل نے آئندہ چند برسوں کے دوران بھارت میں 10 ارب ڈالر (16 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان گوگل کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) سندر پچائی نے بھارت میں کمپنی کے سالانہ ایونٹ کے دوران خطاب میں کیا۔

اس سال ایونٹ میں گوگل فار انڈیا ڈیجیٹائزیشن فنڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا جس کے تحت اگلے 5 سے 7 سال کے دوران یہ کمپنی 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔سندر پچائی نے کہا کہ یہ فنڈ مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں،

شراکت داری اور انفرااسٹرکچر کے لیے سرمایہ کاری کی دستیابی یقینی بنائے گا۔کمپنی کی جانب سے 4 شعبوں پر توجہ دی جائے گی جس میں زبانوں پر مبنی سروسز، مقامی کمپنیوں کو ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بنانے میں مدد اور مقامی ضرورت کے مطابق سروسز کی فراہمی شامل ہیں۔گوگل کی جانب سے 2015 سے بھارت میں ہر سال ایک ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے اور گزشتہ سال کمپنی نے ایک اے آئی لیب کے قیام اور موبائل پیمنٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔


ایونٹ سے قبل گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پیر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج صبح ہماری سندر پیچائی سے ملاقات بہت اچھی رہی، ہم نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی خصوصاً ٹیکنالوجی کی طاقت سے استفادہ کرنے پر گفتگو کی گئی تاکہ بھارتی کسانوں، نوجوانوں اور کاروباری افراد کی زندگی میں تبدیلی لائی جا سکے۔

بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گوگل کی جانب سے تعلیم، ڈیجیٹل ادائیگیوں سمیت مختلف شعبوں میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں جان کر بہت خوش ہوئے۔ان کے جواب میں سندر پیچائی نے بھی ٹوئٹ میں جواب دیا کہ وزیر اعظم آپ کا وقت دینے کا شکریہ، آپ کے ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کے حوالے سے بہت پرامید ہوں اور اس سلسلے میں کام کرنے کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں