مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا معاملہ، پشاور ہائی کورٹ کا سپیکر سے جواب طلب

پشاور(انتخاب نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر سپیکر صوبائی اسمبلی کو بدھ تک عدالت میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائی کورٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پرجسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے سماعت کی۔الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمان خیل عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز میں وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مگر اب سپیکر صوبائی اسمبلی ان سے حلف نہیں لے رہے ہیں۔ وکیل سپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسمبلی کو بدھ کو طلب کیا ہے، ان لوگوں نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی اور یہاں بھی آگئے ہیں۔ اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ایسے کیسز میں عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ایک آئینی عہدےدار اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اور ممبران سے حلف نہیں لے رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کے بعد بدنیتی پر حلف نہ لینا آئینی خلاف ورزی ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں لارجر بنچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ دوران سماعت سپیکر صوبائی اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکالت نامہ جمع کراو¿ں گا، ابھی سپیکر کے دستخط باقی ہیں اور آج (بدھ کو) اپنا جواب بھی جمع کراو¿ں گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آج بدھ کو اس کیس کو دوبارہ کیس سنیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو آج بدھ تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ عدالت میں جواب نہ پہنچنے پر سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں