بلوچستان کے حالات خراب کیے جا رہے ہیں، اختر مینگل اور ثناءزہری کا مذمتی بیان
کوئٹہ(انتخاب نیوز )گزشتہ روز خضدار میں دھماکے پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ایم این اے سردار اختر جان مینگل اور رکن بلوچستان اسمبلی و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے شدید الفاظ میں مذمت کی ، تفصیلات کے مطابق ثناءاللہ زہری کا کہنا تھا کہ عید کے لیے خریداری کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت عمل ہے، بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کی ضیاع اور زخمی ہونے پر افسردہ ہوں۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ فل پروف انتظامات کریں، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں سربراہ بی این پی اختر مینگل نے کہا کہ ایک بار پھر بلوچستان کے خاص کر خضدار کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے انتظامات کیے جائیں جس سے شہری آزادانہ اور بغیر کسی خوف کے خریداری کر سکیں، ایم این اے کا مزید کہنا تھا کہ بم دھماکہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔


