شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی ملاقات، 5 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری پیکج پر اتفاق

مکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماﺅں اسرائیل کے غزہ میں غیرقانونی اقدامات کو روکنے اور غزہ تک امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں، مکہ المکرمہ کے الصفاءپیلس میں ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس کا آج سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے ملاقات میں وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماﺅں کی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں