ایگل اسکواڈ اہلکاروں کا رویہ قابل مذمت، پولیس حکام کا تعاون قابل قدر ہے، بی یو جے

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، ڈی آئی جی پولیس عبدالحی ، ایس ایس پی آپریشنز محمد جواد طارق سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی یو جے اعلیٰ پولیس حکام کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، پولیس سے باہمی تعاون اور رابطہ کاری جاری ریے گی۔ بی یو جے نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں سے پولیس اہلکاروں کی بدتمیزی، زودکوب کرنے اور تشدد کے بعد صحافیوں کی نمائندہ تنظیم نے اپنی ذمہ داریوں کے احساس کے ساتھ شدید ردعمل کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس کے اعلی افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے حقائق جاننے کے بعد نہ صرف اپنے اہلکاروں کی غلطی تسلیم کی بلکہ فوری کارروائی کرتے ہوئے چار اہلکاروں کو معطل بھی کردیا۔ مزید برآں آئی جی پولیس نے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی ٹریفک پر مشتمل ایک الگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد ملوث اہلکاروں کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بی یو جے پولیس کے تعاون کی قدر کرتی ہے اور صحافیوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں