قاہرہ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں اہم پیشرفت ، متنازع نکات پر اتفاق

قاہرہ (آئی این پی) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ غیرملکی میڈیا نے مصری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان بنیادی اور متنازع نکات پر اتفاق ہوا تاہم جن بنیادی متنازع نکات پر اتفاق ہوا اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی۔ معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کے بعد قطر اور حماس کے وفود واپس روانہ ہو گئے ہیں اور توقع ہے کہ معاہدے کی شرائط کو حتمی شکل دینے کے لیے دو دن کے اندر واپس آ جائیں گے جبکہ امریکا اور اسرائیل کے وفد کچھ گھنٹوں بعد روانہ ہوں گے اور اگلے 48 گھنٹوں میں مشاورت جاری رہنے کی توقع ہے۔ اسرائیل اور حماس نے 6 ماہ سے جاری جنگ میں ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کے نئے دور کے لیے اتوار کو اپنے نمائندے مصر بھیجنے کی تصدیق کی تھی جبکہ ہفتے کو امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز پہلے ہی مصر موجودہیں۔ حماس کی جانب سے مذاکرات میں اہم پیش رفت پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا اور قاہرہ مذاکرات کے فریقین میں سے کسی نے بھی مصری میڈیا رپورٹ کی تصدیق نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں