بلوچستان میں طوفانی بارشیں، پی ڈی ایم اے کا مختلف علاقوں میں ریسکیو آپریشن
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رات گئے اچانک پی ڈی ایم اے کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقعے پر انہیں جاری ریسکیو آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پشین کے علاقے منزکی میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ منزکی کے مقام سے لوگوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔ متاثرہ علاقے میں ہیوی مشینری اور عملہ موجود ہے۔ ہنہ اوڑک کے علاقے میں بھی سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ ہنہ اوڑک میں اہل علاقہ کو ریسکیو کیا گیا سیلابی ریلے کے نکاس کے لئے ہیوی مشینری کام کررہی ہے۔ نواں کلی کے علاقے میں بھی رہائشی علاقے میں پانی داخل ہوا جہاں سے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ اس وقت بھی نواں کلی میں رہائشی علاقے سے پانی نکالا جارہا ہے۔ تربت کے علاقے میں ہیوی مشینری اور عملہ موجود ہے جہاں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔ تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے رابطے میں ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے جو بھی ڈیمانڈ آئی گی اسے فوری طور پر پورا کیا جائیگا۔


