کراچی میں چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کی جائے، عدالت

کراچی (انتخاب نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے اسٹریٹ کرائم کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز اور چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم عمران اور چھینے گئے موبائل فون کا کاروبار کرنے والے ملزم عبید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں محض 19 اسٹریٹ کرمنلز کو سزائیں ہوسکیں جو جرائم کی شرح کے لحاظ سے کافی نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایک طرف اسٹریٹ کرمنلز معمولی مزاحمت پر معصوم شہریوں کی جان لے لیتے ہیں اور دوسری جانب چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے جرائم پیشہ عناصر کو بچا رہے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز اور چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے دکان داروں کے نیٹ ورک کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں