حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے کھوکھلے نعروں پر نہیں، وفاقی وزیر صنعت
شیخوپورہ(این این آئی)وفاقی وزیر صنعت پیداوار و غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی مسلم لیگ(ن)کا ایجنڈا ہے،ا نتشار اور منفی سیاست نے ہمیشہ ملک کا نقصان کیا،موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے کھوکھلے نعروں پرنہیں،شعبہ زراعت اور صنعت کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہے ہیں،پرائیویٹ سیکٹر کو معیشت کی ترقی کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پیر کو رچنا انڈسٹریل پارک شیخور ہ میں اقتصادی زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے رچنا انڈسٹریل پارک میں خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے،رچنا انڈسٹریل پارک اور دیگر خصوصی اقتصادی زون معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی ملک کے معاشی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے،اقتصادی زونز نے دنیا بھر کی معیشتوں کو بدل کر رکھ دیا اور قوموں کو خوشحالی کی طرف گامزن کیا ہے ،ہماری کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی،پائیداری ہماری معیشت اور معاشرے پر پڑنے والے مثبت اثرات میں مضمر ہے ۔رانا تنویر حسین نے کہا کسی بھی ملک کی صنعتی پیداوار میں اضافہ غیر ملکی زرمبادلہ کی زیادہ آمدنی کا باعث بنتا ہے،صنعتی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے ،صنعت کا پہیہ چلے گا تو ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا،صنعتی شعبہ کو ترقی دے کر غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب اور برآمدی صلاحیت کو بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رچنا انڈسٹریل پارک کی تکمیل ہماری حکومت کے غیر متزلزل عزم کو واضح کرتی ہے،رچنا انڈسٹریل پارک چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے تناظر میں بہت اہمیت رکھتا ہے،کیونکہ یہ لاہور شیخوپورہ روڈ پر ایم کے قریب اور ایم کے نقطہ آغاز پر واقع ہے،یہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک اہم گیٹ وے اور سرسبز مستقبل کے لیے حکومت کے ویژن کی تکمیل کرے گا،پی آئی ڈی سی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صنعتی ترقی ماحولیاتی استحکام کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بحالی مسلم لیگ(ن)کا ایجنڈا ہے،ہماری حکومت نے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں بڑے پیمانے پر معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔


