دوشہری شہریت والا رکن پارلیمان نہیں بن سکتا، شیری رحمان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ 19 غیر منتخب کابینہ ارکان میں 4 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل ہیں، دوہری شہریت کا حامل شخص رکن پارلیمان نہیں بن سکتا۔ایک بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ دوہری شہریت کے لوگوں کو کابینہ کا حصہ کیوں اور کس قانون کے تحت بنایا گیا ہے، عمران خان ماضی میں دوہری شہریت کے حامل کابینہ ارکان کی سخت مخالفت کرتے تھے، وزیراعظم نے اپنی ہر بات سے یو ٹرن لیا ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ کیا وزیراعظم نے معلوم ہوتے ہوئے دوہری شہریت کے حامل لوگوں کو آئینی فورم کا حصہ بنایا؟ اگر وزیراعظم کو معلوم نہیں تھا تو یہ مزید تشویش کی بات ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ کیا دوہری شہریت کے لوگ نیا پاکستان بنا رہے ہیں؟ وزیراعظم کو نیا پاکستان کی تعمیر کے لئے بیرون ملک سے کاریگر درآمد کرنے پڑے۔ شیری رحمان نے کہاکہ کیا ملک اور تحریک انصاف میں قابل لوگوں کی کمی تھی،ثابت ہو چکا اس حکومت کے پاس کوئی پالیسی اور وژن نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں