سابق امریکی صدر باراک اوباما کی خوش دامن انتقال کر گئیں

واشنگٹن (صباح نیوز)سابق امریکی صدر باراک اوباما کی خوش دامن میریان رابنسن 86سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ میریان شیلڈز رابنسن کے انتقال کا اعلان سابق خاتونِ اول مشل اوباما اور فیملی کے دیگر ارکان نے ایک بیان میں کیا۔میریان رابنسن بیوہ تھیں۔ ان کی عمر کا بڑا حصہ شکاگو میں گزرا۔ اس شہر سے انہیں عشق تھا۔ جب ان کا داماد ملک کا صدر منتخب ہوا تو وہ اپنی نواسیوں مالیہ اور ساشہ کی دیکھ بھال کے لیے ایوانِ صدر منتقل ہوئیں۔میریان رابنسن کو شکاگو سے بہت پیار تھا۔ 1970 کی دہائی میں جب فیملی نے واشنگٹن منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تب انہوں نے شدید مزاحمت کی۔باراک اوباما کے صدر منتخب ہونے پر انہیں واشنگٹن منتقل ہونے پر راضی کرنے کے لئے مشل اوباما نے اپنے بھائی کریگ کے ذریعے دبائو ڈلوایا۔میریان رابنسن بنکاری کے شعبے سے وابستہ تھیں اور ایک بینک کے سیکرٹری کی حیثیت سے ریٹائر ہوئیں۔ انہوں نے باراک اور مشل اوباما کی بیٹیوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔میران رابنسن قدرے گم نامی میں رہیں تاہم خاندان کی تعلیم و تربیت میں ان کا کردار بہت اہم تھا۔