یو اے ای میں شدید گرمی، بھارت میں ہیٹ سٹروک سے 74 افراد ہلاک

ابوظہبی(صباح نیوز)متحدہ عر ب امارات کی حکومت نے شدید گرمی کے باعث ملک بھر میں ملازمین کے لئے 15جون سے 15 ستمبر تک دوپہر کے وقت ساڑھے بارہ سے تین بجے تک وقفے کا اعلان کیاہے،اس وقفہ کے دوران ملازمین کے دھوپ یا کھلی فضا میں کام کرنے پر پابندی ہو گی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت گزشتہ بیس سال سے موسم گرما میں دن کے وقت ملازمین کے لئے کام سے طویل وقفے کا اعلان کیا ہے ،کسی ایک ملازم کی طرف سے اس حکم کی خلاف ورزی پر ا س کے آجر کو پانچ ہزار درہم اور ملازمین کی تعداد زیادہ ہونے پر پچاس ہزار درہم تک جرمانہ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق کچھ ملازمتوں کو پالیسی سے استثنیٰ دیا گیا جن میں پانی کی فراہمی،بجلی سے متعلق کام، ٹریفک معطل کرنا ، سڑک پر سفالٹ یا کنگریٹ ڈالنااور بنیادی خدمات سے متعلق دیگر کام دوپہر کے وقفے کے دوران بھی جاری رکھے جا سکیں گے۔لیکن اس کے لئے متعلقہ اداروں کو اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ایسے اداروں کو دھوپ میں کام کرنے والے ملازمین کی حفاظت کے لئے پیراسول اور سایہ دار جگہ،پنکھے اور پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ ابتدائی طبی امدادکے سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ان سرکاری احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام کام کی جگہوں کے دورے بھی کریں گے۔دوسری جانب بھارت میں گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک سے74افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، ہیٹ ویو سے ہلاکتیںبھارتی ریاستیں نئی دلی ، پنجاب ، ہریانہ ، چندی گڑھ، یوپی ، مدھیہ پردیش، بہار ، اڑیسہ، اور جھاڑکھنڈ میں ہوئیں ۔بھارتی میڈیا نے بتایا کہ 48گھنٹوں میں ہیٹ سٹروک سے اموات کی تعداد74 ہوگئی ہے، ہیٹ سٹروک سے ہلاک ہونیوالوں میں انتخابی عملے کے25 اہلکار بھی شامل ہیں۔دوسری جانب بھارتی محکمہ موسمیات نے 10ریاستوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے جبکہ مشرقی بھارت میں موجودہ گرمی کی لہر مزید 2 دن تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔