منشیات کی روک تھام اور امن و امان انتظامی تعاون سے قائم کریں گے، مولانا ہدایت الرحمن

گوادر (پ ر) ڈسٹرکٹ کونسل ہال گوادر میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی کی زیر صدارت منشیات اور پیس کمیٹیز کے قیام کے بارے میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ گوادر کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور حق دو تحریک اور لوکل گورنمنٹ کے کونسلران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی خطرناک قسمیں جیسے کہ کرسٹل شیشہ افیون یہ جو ہمارے نسل کو برباد کر رہی ہیں، ہم عوام کے ساتھ مل کر پہلے ان کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایس ایس پی گوادر نے کہا کہ ہم پہلے منشیات فروشوں کے گھر جاکر ان کو سمجھائیں گے اگر وہ پھر بھی باز نہ آئے تو ان کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ ایس ایس پی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈسٹرکٹ گوادر کے ہر شہر میں جاکر لوگوں سے ملوں گا اور ان کیساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ آخر میں ایس ایس پی گوادر نجیب اللہ پندرانی نے منشیات کے حوالے ایک سلوگن کہتے ہوئے کہا ”زندگی سے پیار منشیات سے انکار“۔ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ہم سب مل کر اس معاشرتی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر کونسلران نے بھی اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ منشیات کی روک تھام اور امن و امان کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ تقریب کے اختتام پر منشیات کے خلاف جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور سب نے مل کر اس لعنت کے خاتمے کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں