امریکا کا آپریشن عزم استحکام کی حمایت کا اعلان
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ "آپریشن عزم استحکام” کی حمایت کردی اور کہا ہے کہ سوات میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی موت پر افسوس ہے، مذہبی بنیادوں پر ہونے والے واقعات تشویش کا باعث ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ انسداد تخریب کاری میں پاکستان اور امریکا کا مفاد مشترک ہے، تخریب کاری سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکا رول آف لا ء اور انسانی حقوق کی پیروی کرتے ہوئے تخریب کاری کے مقابلے کی حمایت کرتا ہے۔میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معاملات پر پاکستان اور امریکا کی شراکت داری ہے۔ امریکی حکومت ہائی لیول کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ اور کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے تحت ملٹری ٹو ملٹری رابطوں کے حق میں ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ تخریبی حملوں سے بری طرح متاثر ہیں، کسی ملک کو ایسی تخریب کاری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، خطے کی سیکیورٹی میں پاکستان اور امریکا کا مفاد مشترک ہے، سیکورٹی معاملات پر پاکستان اور امریکا کی شراکت داری میں تخریب کاری کے خلاف بات چیت اور فنڈز کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رول آف لا ء کے لیے تخریب کاری کے مقابلے کی حمایت کرتے ہیں۔ میتھیو ملر نے سوات میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی موت پر افسوس ہے۔ مذہبی بنیادوں پر ہونے والے واقعات تشویش کا باعث ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ مذہبی آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام کیا جائے۔ ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔


