چمن بارڈر پربے روزگار ہونیوالے افراد کو لیویز میں بھرتی کرنے کے لئے جامع پلان تشکیل دیا جارہاہے، ضیاء لانگو

کوئٹہ:وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ چمن بارڈر پربے روزگار ہونیوالے افراد کو لیویز میں بھرتی کرنے کے لئے جامع پلان تشکیل دیا جارہاہے،حکومت محنت کشوں کو ریلیف اور متبادل روزگار فراہم کرنے کے لئے سنجیدیگی سے اقدامات کر رہی ہے، یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی، وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو چمن بارڈر کی بندش سے متاثر ہونے والے افرادکی تکلیف کا احساس ہے جسے مد نظر کررکھتے ہوئے حکومت ان محنت کشوں کو باعزت متبادل روزگار فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر پر بے روزگار ہونے والے محنت کشوں کو لیویز میں بھرتی کرنے کا منصوبہ تشکیل دیا جارہا ہے اس منصوبے کو جلد ہی حتمی شکل دینے کے لئے پیش کیا جائیگا،میر ضیاء لانگو نے کہا کہ حکومت کو صوبے کی عوام کی تکلیف کا بخوبی احساس ہے کچھ معاملات اگرچہ وفاق سے بھی منسلک ہیں لیکن صوبائی حکومت بلوچستان کی عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ بھی ممکن ہو اقدامات کر رہی ہے محنت کشوں کی کفالت کے حوالے سے حکومت سنجیدہ ہے جلد ہی انہیں اچھی خبر دیکر انکی پریشانی کو ختم کیا جائیگا

اپنا تبصرہ بھیجیں