بنوں میں پرامن مظاہرین پر اہلکاروں کی فائرنگ اور ہلاکتیں باعث تشویش ہیں، ایچ آر سی پی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایچ آر سی پی کو بنوں میں پرامن مظاہرین پر سکیورٹی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم پانچ مظاہرین کی ہلاکت اور 20 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے۔ ان میں سے ہزاروں افراد عسکریت پسندی کے خاتمے اور مزید سکیورٹی آپریشنز نہ کرنے کا مطالبہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی دیرینہ خواہش کے اظہار کے لیے جمع ہوئے تھے۔ ریاست کی جانب سے شہریوں کے زندگی کے حق اور پرامن اجتماع کی آزادی کے حق کی بظاہر دانستہ خلاف ورزی قابل مذمت ہے اور ایسے اقدامات شہریوں کے امن کے مطالبات کی توہین کے عکاس ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو مظاہرین اور ان کے جائز تحفظات پر فوری طور پر توجہ دینی چاہیے اور مظاہرین کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ مزید یہ کہ خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے کیے گئے کسی بھی اقدام پر پارلیمنٹ میں شفاف بحث ہونی چاہیے اور متاثرہ افراد کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔


