میں نے زیلنسکی سے یوکرین میں جنگ ختم کرانے کا وعدہ کیا ہے، ٹرمپ

واشنگٹن (صباح نیوز)سابق امریکی صدر اور ریپبپکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کہنا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ وائٹ ہاوس میں واپس آ گئے تو یوکرین اور روس کے درمیان جنگ ختم کرا دیں گے۔ٹرمپ نے Truth Social پلیٹ فارم پر لکھا کہ امریکا کا آئندہ صدر بننے کی صورت میں "میں دنیا میں امن لاوں گا اور اس جنگ کو ختم کر دوں گا جو بہت سی جانیں لے چکی ہے”۔دوسری جانب یوکرین کے صدر نے مذکورہ ٹیلی فون کال وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زیلنسکی نے اس موقع پر ارب پتی ٹرمپ کو سرکاری طور پر ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کی۔زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر لکھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اس بات پر اتفاق رائے ہو گیا کہ ہم براہ راست ملاقات میں ان اقدامات پر بات چیت کریں جو یوکرین میں ایک منصفانہ اور مستقل امن کے لیے لازم ہیں۔یوکرین کے صدر نے ہفتے کے روز پنسلوینیا میں ٹرمپ پر "خوف ناک” قاتلانہ حملے کی مذمت بھی کی۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے 27 جون کو صدارتی مباحثے کے دوران میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات جیتنے کی صورت میں 24 گھنٹے کے اندر یوکرین میں جنگ ختم کرا سکتے ہیں۔ انھوں نے یوکرین کے دفاع پر خرچ کی جانے والی اربوں ڈالر کی امداد پر تنقید بھی کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کے ذریعے نہیں جیت سکتا۔جو بائیڈن کے زیر قیادت امریکا کئیف حکومت کو عسکری امداد پیش کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ البتہ ٹرمپ کی جیت مستقبل میں کسی بھی امداد کو خطرے میں ڈال سکتی ہے اور جنگ کے میدان میں یوکرین کی پوزیشن کمزور کر سکتی ہے۔رواں میں جولائی میں روسی صدر ولادی میر پوتین نے باور کرایا تھا کہ وہ یوکرین میں جنگ ختم کرانے کے حوالے سے ٹرمپ کے تبصرے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں تاہم وہ اس تجویز کی تفصیلات نہیں جانتے۔ادھر زیلنسکی نے ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ جنگ کو جلد ختم کرانے کے حوالے سے اپنے منصوبہ ظاہر کریں۔ زیلنسکی نے خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی تجویز سے گریز کرنا چاہیے جو ان کے ملک کی خود مختاری کو پامال کرے۔واضح رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے روس کے بارے میں بعض بیانات نے یوکرین کو سپورٹ کرنے والے کئی مغربی ممالک میں غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔ اس میں 20 جون کو دیا گیا بیان بھی شامل ہے جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحاد میں یوکرین کی شمولیت کو مسترد کرنا روس کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں