اسرائیل کو جارحیت کی قیمت چکانا ہوگی، یمن

صنعا (صباح نیوز)یمن میں سپریم پولیٹیکل کونسل نے الحدیدہ گورنری میں شہری تنصیبات ، بجلی گھروں اور تیل کی تنصیبات کے خلاف وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے دشمن کو اس جارحیت کی قیمت چکانا ہوگی۔کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ملک کے خلاف صہیونی جارحیت کا بنیادی مقصد یمنی عوام کے مصائب میں اضافہ کرنا اور جمہوریہ یمن کو فلسطینی عوام اور انصاف پسندوں کی حمایت کے موقف سے باز رکھنا ہے۔ مگر دشمن کو اپنے اس گھمنڈ میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دشمن کی جارحیت یمنی قوم کو فلسطینی قوم کے نصب العین کی حمایت سے باز نہیں رکھ سکے گی۔سپریم پولیٹیکل کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد میں ہمارا موقف اصولی، عقیدے پر مبنی اور مذہبی ہے۔ اسرائیلی دشمن کی ننگی جارحیت کی وجہ سے ہم اپنا موقف نہیں بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت یمنی عوام کے اپنے دفاع میں فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد جاری رکھنے اور اس سلسلے میں مزید کوششیں کرنے کے عزم میں اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اسرائیلی جارحیت ہماری مسلح افواج کے لئے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں