بیلا میں سیلابی صورتحال، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہروں کے بچاﺅ بند پر کام جاری
بیلا (یو این اے) سیلاب سے بچاﺅ کے لیے ضلعی انتظامیہ لسبیلا کی طرف سے ہنگامی صورت میں تیزی سے کام جاری۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن بیلا علی شاہ عباسی کی سربراہی میں نائب تحصیلدار بیلا غلام سرور رونجھو کی نگرانی میں سیلابی ریلوں سے حاجی صالح چھب اور وکیلانی چھب بندات کے کٹا پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیوی مشینری بلڈوزر سے بچاﺅ بند کا کام جاری، واضح رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں سے آنے والے سیلابی ریلوں سے دونوں گوٹھوں کے بچاﺅ بند کے کٹاﺅ پر فوری طور پر ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لے کر اس اہم عوامی مسئلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جس پر حاجی صالح چھب اور وکیلانی چھب دونوں گوٹھوں کے بچاﺅ کے لیئے فوری طور بلڈوزر سے کام شروع کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں سے آنے والے سیلابی صورتحال سے بچاﺅ کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر وہاں موجود علاقائی مکینوں نے ضلعی انتظامہ کے اس نیک اقدامات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔


