بلوچستان میں بارشوں سے 6 افراد جاں بحق، سیلاب کا خطرہ
کوئٹہ، حب، وندر، بیلہ، اندرون بلوچستان (نمائندگان انتخاب، بیورو رپورٹس، نامہ نگاران، مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بلوچستان کے چار اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق لسبیلہ ، قلات ،سوراب ، قلعہ سیف اللہ، واشک اور ملحقہ علاقوں میں درمیانی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔لسبیلہ ، قلات ،قلعہ سیف اللہ اور وشک میں ندی نالے ایک ہونے سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔حب اور بیلہ،وندر میں مختلف ہونے والے واقعات کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ حب ندی میں نہاتے ہوئے ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا متوفی کی نعش ایدھی بحری ٹیم نے نعش نکال کر شناخت کےلئے حب اسپتال منتقل کردیا تاہم شناخت نہ ہونے کے سبب ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ کراچی منتقل کردیا گیا اور ایک اطلاع ملنے پر ایدھی رضاکاروں نے جمعرات کے روز گڈانی بس اسٹاپ کے قریب سے ایک شخص کی نعش برآمد کر کے جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کردیا گیا جہاں پر متوفی کی 45سالہ سومار ولد عبدالطیف کے نام سے شناخت ہوئی بعدازاں ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کردی گئی بیلہ سے آمد ا طلاعات کے مطابق گوٹھ اسماعیلانی برساتی ندی میں نہاتے ہوئے تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تینوں کی نعش پانی سے نکال دی گئی ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں میں دوبچیاں اور ایک بچہ شامل ہے جن کی عمریں دس سے بارہ سال اور ایک تعلق ہی خاندان کے بتایا جاتا ہے مز ید برآں وندر، لسبیلہ کے دور دراز پہاڑے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے 77 قیمتی بکریاں موقع پر ہلاک ہوگئیں مالکان کو لاکھوں روپے مالی نقصان کا سامنا ۔گزشتہ شب موضع مٹھڑی گوٹھ بچایا شاہوک میں ایک ہی خاندان کے عظیم اللہ اور فیض اللہ نامی دو بھائیوں کی 77 بکریاں جو پہاڑ پر تھی کے اوپر آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہلاک ہوگئیں ۔ ہلاک بکریوں کی قیمت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے جس سے مالکان کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اس حوالے سے مالکان کی جانب سے موصول اطلاع کے مطابق موضع مٹھڑی میں ہمارے گوٹھ بچایا شاہوک میں شدید گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران آسمانی بجلی بکریوں کے اوپر گر گئی جس سے ہمیں شدید مالی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بکریاں ہی ہمارا ذریعہ معاش تھیں ہم ان بکریوں سے اپنا گزر بسر کیا کرتے تھے۔ اس واقعے سے ہمیں لاکھوں روپے مالی نقصان پہنچا ہے ہماری روزی روٹی بکریاں تھیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات سے مالی امداد کی اپیل کردی۔ گزشتہ شب پیش آنے والے واقعے پر ڈپٹی کمشنر حب، اسسٹنٹ کمشنر وندر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندان کی حکومتی سطح پر مدد کے لیے نقصان کی رپورٹ اعلی حکام کو ارساں کردی۔


