پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا، صدر وزیر اعظم

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آصف علی زرداری ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ا قلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا۔صدر آصف علی زردارینے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین نے ضمانت دی ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے گیارہ اگست 1947 کو اقلیتوں سے ان کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے بارے میں کئے گئے وعدے پر عملدرآمد کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔صدر نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ۔انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کریں اور پاکستان کو ایک مستحکم ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں۔آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہینگی۔سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ قائد اعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات اور ان کی شناخت کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہے اور آج کے دن ایک بار پھر ہم اسی عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان مذہبی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔اقلیتوں کے لئے ملازمتوں میں میرٹ کے علاوہ مخصوص نشستیں اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، اقلیتی برادری کی تمام اداروں میں نمائندگی کو سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عزت و احترام کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لئے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے ۔ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے آزاد شہری ہیں جنہیں یکساں حقوق اور اپنے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پوری آزادی حاصل ہے ۔ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے افراد کی مختلف شعبوں میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کے دفاع میں بھی پیش پیش رہی ہے اور اسی اقلیتی برادری کے افراد کی ملک عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں بھی نچھاور کیں۔ آج کا دن در حقیقت تجدید عہد کا دن ہے کہ اقلیتی برادری اپنے مثالی اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے بلا امتیاز ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کرتے رہے گی۔ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری دین اسلام کی تعلیمات میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔ رواداری، باہمی احترام اور ہر طرح کے امتیاز کے بغیر انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی تمام اقلیتوں کے یکساں حقوق پر زور دیا ہے ۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے۔ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت، دیکھ بھال اور تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا۔میں امید کرتا ہوں کہ تمام اقلیتیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں گی۔ میں علمائے کرام اور عوام پر زور دیتا ہوں کہ وہ مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان رواداری، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لئے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ حکومت مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کی پاسداری کے لئے اپنی جد وجہد جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنی اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ہفتہ کو قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 11اگست کو اقلیتی دن کے موقع پر، ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری الفاظ یاد کرتے ہیں: "آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں یا اس ریاست پاکستان میں کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد کے خواب کی تکمیل کے عزم کے تحت، آج ہم ہر پاکستانی شہری کے لیے، خواہ وہ کسی بھی مذہب، رنگ، ذات، نسل یا عقیدہ کا ہو، تمام بنیادی حقوق کی برابری اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کی شمولیت ہماری عزم کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں ایک کثیر الثقافتی اور روادار معاشرہ بنانے کی تحریک دیتی ہے، جو ہمارے قومی پرچم میں خوبصورتی سے ظاہر ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں