کورونا وبا ابھی تک موجود، ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا: اسد عمر

پشاور: اسد عمر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا ابھی تک موجود ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا، حفاظتی تدابیر اختیار کرلیں تو عیدالاضحیٰ کا مرحلہ بھی گزر جائے گا۔
این سی او سی کے پشاور میں اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا میں وبا کے پھیلاؤ میں واضح کمی آ رہی ہے، کورونا چیلنج سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا عیدا لاضحیٰ ہر لحاظ سے ایک بڑا دن ہے، قربانی ایسے کریں کہ وبا میں تیزی نہ آئے، عید کو سادگی سے منائیں، اپنی اور دوسروں کی زندگی کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اسد عمر نے کہا مویشی منڈیوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں، پورے خطے میں کورونا کے حوالے سے حوصلہ افزاء صورت حال پاکستان میں ہے، عید پر عوام تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں، احتیاط کیساتھ عیدالاضحیٰ منائیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود کا کہنا تھا ایس او پیز عوام کی جانیں بچانے کیلئے بنائے ہیں، حکومت نے عوامی مفاد کیلئے اقدامات کیے ہیں، عوام ایس او پیز کو فالو کریں اور عید سادگی سے منائیں، تمام وزراء اور ممبران کو کہا ہے عید سادگی سے منائیں۔ انہوں نے کہا عید کے بعد شعبہ سیاحت کھولنے پر بات ہوگی، وزیر اعظم سے سیاحتی مقامات کھولنے کی گزارش کریں گے، عوام عید الاضحیٰ پر اپنے حجروں میں ہجوم سے گریز کریں، عید الاضحیٰ کو کورونا وباء میں شہید ہونے والوں کے نام کرتے ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 289 ہوگئی، مہلک وائرس نے مزید 20 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں