رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل پر ڈیڑھ گھنٹے میں 10 لاکھ سبسکرائبر حاصل کرکے ریکار ڈ بنا دیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا ہے جو انتہائی تیزی سے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ رونالڈو نے یوٹیوب چینل کا نام UR · Cristiano رکھا ہے جس نے صرف ڈیڑھ گھنٹے میں 10لاکھ (1 ملین) سبسکرائبر حاصل کرکے ورلڈ ریکارڈ بنادیا ہے۔ وہ اب تک 3 گھنٹوں میں 3 ملین سے زائد سبسکرائبر حاصل کرچکے ہیں۔ ریکارڈ وقت میں سبسکرائبر کی یہ تعداد حاصل کرکے رونالڈو نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل تیز ترین 10 لاکھ یا 1 ملین سبسکرائبر حاصل کرنے کا ریکارڈ جنوبی کورین گلوکارہ جینی کِم کے پاس تھا جنہوں نے 7 گھنٹوں میں یہ سنگ میل طے کیا تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت اسے دنیا کا سب سے مقبول ہوتا یوٹیوب چینل بناسکتی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (MrBeast) 311 ملین سبسکرائبر کے ساتھ دنیا بھر میں نمبر ون ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں