چہلم شہدائے کربلا کے جلوس، کوئٹہ میں سخت سیکورٹی، کئی جگہ موبائل فون سروس معطل
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ میں بھی شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاﺅن سے نکالا گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا، حضرت حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کا چہلم کوئٹہ میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہر میں تعزیوں، علم اور ذوالجناح پر مشتمل مرکزی جلوس کا آغاز صبح دس بجے علم دار روڈ جبکہ دوسرا جلوس ہزارہ ٹاﺅن شہد مہدی چوک سے ہوا۔ عزا دار روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے چھ بجے علم دار روڈ پر بہشت زینب قبرستان پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔ ہزارہ ٹاﺅن میں بھی چہلم شہدائے کربلا کا جلوس ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا، جلوسوں کے موقع پر کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ راستے سیل کردیے گئے جبکہ پولیس اور ایف سی کے تقریبا پانچ ہزار اہلکار تعینات رہے۔ اس کے علاوہ موبائل فون سروس بھی چار تھانوں کی حدود میں معطل رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


