مستونگ ،فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار جاں بحق، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی

مستونگ (نمائندہ خصوصی) مستونگ کے نواحی علاقہ درینگڑھ میں کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر احتجاج و روڈ بلاک کے دوران مظاہرین اور لیویز فورس میں فائرنگ کے تبادلے میں دو لیویز اہلکاروں ملک ممتاز, مزار خان جاں بحق جبکہ ایس ایچ او ایاز محمد شہی سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے واقعہ میں مظاہرین سے ایک شخص جان بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔واقعے بعد فورس کی بھاری نفری روانہ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقہ درینگڑھ میں لیویز فورس نے روڈ پر اسمگلروں کے گاڑیوں سے بھتہ کی وصولی پر ایک شخص کو گرفتار کرلیاتھا جس کے رہائی کیلئے لواحقین و اہل علاقہ نے درینگڑھ کے مقام پر قومی شاہراہ بلاک کرکے احتجاج شروع کیا۔احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کیلئے ایس ایچ او لیویز تھانہ درینگڑھ ایاز محمد شہی پہنچنے کے بعد مظاہرین اور لیویز فورس میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ سید سمیع اللہ آغا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ واقعے میں 2 لیویز اہلکاروں سمیت 3 افراد جانبحق اور 3 لیویز اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد فورسز نے علاقے میں پہنچ کر ناکہ بندی کردی۔ جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمی اور جانبحق افراد کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوں زخمی اہلکاروں کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر مستونگ سید سمیع اللہ آغا ایس پی مستونگ عابد خان بازئی سمیت دیگر اعلٰی حکام بھی ہسپتال پہنچ گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں