بلوچستان بھر میں نان فائلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
کوئٹہ(یو این اے ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے یکم اکتوبر سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور بلوچستان بھر میں نان فائلرز کے خلاف سخت کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت نان فائلرز کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے سمیت دیگر تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر یکم اکتوبر کے بعد سے سخت انفورسمنٹ ایکشن لینے جا رہا ہے اور ایف بی آر نے تقریبا 13 ہزار ارب روپے سالانہ ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے یکم اکتوبر سے نان فائلرز کے خلاف سخت کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مہم کے تحت لاکھوں نان فائلرز کو حتمی ٹیکس نوٹس جاری کیے جائیں گے ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ نان فائلرز کے بیرون ملک جانے پر پابندیاں بھی عائد ہو سکتی ہیں جبکہ موبائل سمز، بجلی اور گیس کے کنیکشن منقطع کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی۔ نان فائلرز کی جانب سے پراپرٹی اور گاڑی کی خرید و فروخت پر پابندی کی تجویز ہے ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مالی سال 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے 30 ستمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہیں


