اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف کریک ڈاﺅن، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار
اسلام آباد(یو این اے)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 کارروائیوں میں خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتارکر لئے۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں 72 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 14 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔کھنہ پل اسلام آباد کے قریب خاتون سمیت 2 ملزمان کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس برآمدکی گئی ۔ کراچی کے علاقے مہران ٹاﺅن میں ملزم سے 150 گرام چرس اور 50 گرام آئس برآمد کی گئی ۔توغی روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے 200 ایکسٹیسی گولیاں اور 150 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اے این ایف کی اولین ترجیح ہے، تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروشی میں ملوث آخری ملزم کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا۔دیگر کارروائیوں میں موٹروے انٹر چینج چکری کے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں سے 10 کلوگرام آئس برآمدکی گئی۔ ترکئی ٹول پلازہ جہلم کے قریب مسافر وین میں سوار ملزم سے 260 گرام آئس برآمدکی گئی ۔پاک افغان بارڈر طورخم کے قریب چھپائی گئی ایک کلو 478 گرام آئس برآمد کی گئی ۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔