بلوچستان ہائی کورٹ کااسمبلی عمارت کو منہدم کرنے کیخلاف دائر درخواست قابل سما عت قرار، وزیراعلیٰ و دیگر کو نوٹسز جا ری

کوئٹہ ( آئی این پی )بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑاور جسٹس جناب جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے کے ممکنہ اقدام کے بارے میں دائر آئینی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔بنچ نے گزشتہ روز درخواست گزار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سینٹر(ر)امان اللہ کنرانی کی جانب سے دلائل مکمل کئے جانے کے بعد آئینی درخواست سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے جمعرات کو سناتے ہوئے بنچ نے مذکورہ آئینی درخواست کو قابل سماعت قرار دیااور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتوسط پرنسپل سیکریٹری،اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی ترقیات کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیتے ہو ئے جواب طلب کرلیا ہے بعد ازاں بنچ نے آئینی درخواست کی سما عت کودو ہفتے کےلئے ملتوی کر دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں