مغربی بنگال‘ مدارس میں ہزاروں ہندو طلبہ کے پڑھنے کا انکشاف
مغربی بنگال ,بھارتی ریاست مغربی بنگال میں 6 ہزار سے زائد مدارس میں غیر مسلم طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔مغربی بنگال میں مدرسہ بورڈ کے حالیہ امتحانات میں شریک 70 ہزار طلبہ میں سے تقریباً 18 فیصد ہندو ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ برس امتحان میں غیر مسلم طلبہ کی تعداد 12.77 فیصد تھی۔مغربی بنگال مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے صدر ابو طاہر قمرالدین کہتے ہیں کہ ریاست کے 3 اضلاع کے 4 سب سے بڑے مدارس میں غیر مسلم طلبہ کی تعداد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مسلم طلبہ زیادہ تر ثانوی سطح کے مدرسوں میں داخلہ لیتے ہیں کیونکہ اِن مدارس کا نصاب سیکنڈری بورڈ کے مطابق ہوتا ہے۔ایک مدرسے کی ہندو طالبہ سین کا کہنا ہے کہ مدرسے میں مذہب کی بنیاد پر اْن کے ساتھ کبھی امتیازی سلوک نہیں کیا گیا۔پچھلے سال مدرسہ بورڈ کے امتحانات میں لڑکیوں کی تعداد تقریباً 60 فیصد تھی۔