دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوج کو بیشمار اختیارات دیے گئے مگر دہشتگردی ختم نہ ہوئی، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(یو این اے)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوج کو بے شمار اختیارات دیے گئے مگر دہشتگردی ختم نہ ہوئی۔ویکفیلڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان کی بقا اسلامی نظام میں ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا گیا ہے، 2028 سے تمام محکموں کو سود سے پاک کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئین ہم سب کا ہے ہمیں اس کا احترام کرنا ہو گا، جمہوریت کی بقا اور اسلامی نظام کیلئے پاکستان بھر میں تحریک جاری رکھیں گے۔فضل الرحمان کا کہنا تھا پاکستان کے امن کیلئے ہمیں متحد ہونا ہو گا، انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کرنا 26 ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے، کسی کو شک کی بنیاد پر90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا ہم محفوظ پاکستان کیلئے مضبوط فوج کے قائل ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے2010 سے فوج کو بے شمار اختیارات دیے گئے مگر دہشتگردی ختم نہ ہوئی۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کشمیریوں کو اپنی آزادی کی جنگ خود لڑنا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں