ایازصادق ،بلاول بھٹو کیخلاف لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں الیکشن کمیشن، بلاول بھٹو اور سردار ایاز صادق کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ بلاول بھٹو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بھی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی دو الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔ اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کو بلاول بھٹو کی اس خلاف ورزی پر یکم نومبر کو خط لکھا گیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری اس خلاف ورزی پر نااہل ہوسکتے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ فریقین کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔