کرم فائرنگ ، جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی،لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان
پشاور(آئی این پی ) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ضلع کرم میں مسافروں کی گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پشاور میں وزیر اعلی نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے و ایم پی اے اور چیف سیکریٹری کو کرم کا دورہ کرکے وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کےلئے سابقہ جرگے کو دوبارہ فعال کیا جائے۔ انھوں نے شاہراہوں کو محفوظ بنانے کےلیے صوبائی ہائی وے پولیس کے قیام پر کام کرنے کے احکامات بھی دیے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کےلیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 44افراد جاں بحق ہوگئے۔ ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائرنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے اور متعدد زخمی ہیں۔ واقعے کے بعد سکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔