190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ،بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، بشری بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں۔دوران سماعت عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، وارنٹ بشریٰ بی بی کی مسلسل عدم حاضری پر جاری کیے گئے۔عدالت نے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضامن کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔بشری بی بی کی جانب سے آج بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ بعد ازاں ریفرنس پر سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔اس سے قبل، 15 نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔واضح رہے کہ بشری بی بی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں